Meaning of word "Islam" in Urdu
لفظ اسلام کے معنی
اسلام کے معنی عربی زبان میں اطاعت اور فرمابرداری کے ہیں۔ مذہب اسلام کا نام اسلام اس لیے رکھا گیا ہے کہ یہ اللہ کی اطاعت اور فرماں برداری ہے۔
وجہ تسمیہ
دنیا میں جتنے مذاہب ہیں ان میں سے ہر ایک کا نام یا تو کسی خاص شخص کے نام پررکھا گیا ہے یا اْس قوم کے نام پرجس میں وہ مذہب پیدا ہوا۔ مثلاً عیسائیت کا نام اس لیے عیسائیت ہے کہ اس کی نسبت حضرت عیسٰی کی طرف ہے۔بودھ مت کا نام اس لیے بودھ مت ہے کہ اس کے بانی مہاتمابدھ تھے۔زردشتی مذہب کا نام اپنے بانی زردشت کے نام پر ہے۔ یہودی مذہب ایک خاص قبیلہ میں پیدا ہوا جس کا نام یہوداہ تھا۔ ایسا ہی حال دوسرے مذاہب کے ناموں کابھی ہے۔ مگر اسِلام کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ کسی شخص یا قوم کی طرف منسوب نہیں ہے بلکہ اس کا نام ایک خاص صفت کو ظاہر کرتا ہے جو لفظ اسِلام کے معنی میں پائی جاتی ہے۔ یہ نام خود ظاہر کرتا ہے کہ یہ کسی ایک شخص کی ایجاد نہیں ہے نہ کسی ایک قوم کے ساتھ مخصوص ہے۔ اس کو شخص یا ملک یا قوم سے کوئی علاقہ نہیں۔ صرف اسِلام کی صفت لوگوں میں پیدا کرنا اس کا مقصد ہے۔ ہرزمانے اور ہرقوم کے جن سچے لوگوں میں یہ صفت پائی گئی ہے وہ سب مسلم ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے۔